vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں بغیر نسخے کے کووِڈ ویکسین دستیاب

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت ریاست بھر کے افراد بغیر نسخے کے فارمیسیز سے کووِڈ ویکسین لگوا سکیں گے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب وفاقی حکومت نے رواں سال ویکسین لینے والوں کی فہرست محدود کر دی تھی۔فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ویکسین کے اپ ڈیٹ ورژن کی منظوری صرف 65 سال سے زائد عمر کے افراد یا اُن مریضوں کے لیے دی تھی جنہیں پہلے سے سنگین بیماری لاحق ہے۔ اس پالیسی کے باعث ریاست میں کئی فارمیسیز نے بچوں، حاملہ خواتین اور 65 سال سے کم عمر صحت مند بالغ افراد کو ویکسین دینے سے روک دیا تھا۔گورنر ہوکل نے کہا کہ یہ حکم نامہ وفاقی اقدامات کے نتیجے میں نیویارک میں پیدا ہونے والی "ڈیزاسٹر” صورتحال کو ختم کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے، تاکہ ہر شہری فوراً ویکسین حاصل کر سکے۔ اُن کے مطابق اب کسی کو ڈاکٹر سے نسخہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی اور فارماسسٹ براہِ راست کووِڈ شاٹس لگانے کے مجاز ہوں گے۔ یہ ایگزیکٹو آرڈر ہر 30 دن بعد تجدید ہوگا، جب کہ ریاستی اسمبلی آئندہ برس مستقل قانون سازی کرے گی۔ریاستی ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر جیمز میکڈونل نے کہا کہ ویکسین لازمی نہیں ہے مگر یہ اب بھی بیماری سے بچاؤ، اسپتال میں داخلے اور اموات کو کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ادھر سی وی ایس نے اعلان کیا ہے کہ نیویارک کی تمام فارمیسیز میں ویکسین دستیاب کرائی جائے گی اور جلد ہی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹس بھی دی جائیں گی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن میں سینیٹ فنانس کمیٹی کی سماعت کے دوران وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈیموکریٹ اراکین اور طبی ماہرین نے اُنہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ بعض ری پبلکن سینیٹرز نے بھی کووِڈ پالیسیوں میں اُن کی تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.