vosa.tv
Voice of South Asia!

میئر ایڈمز کا ہاسٹوس کالج میں نئی لائف سائنسز فیکلٹی کے قیام کا اعلان

0

میئر ایریک ایڈمز اور سٹی یونیورسٹی آف نیویارک (CUNY) کے چانسلر فیلکس وی. ماتوس روڈریگیز نے ہاسٹوس کمیونٹی کالج برونکس میں نئی لائف سائنسز فیکلٹی کے قیام کے لیے 12.3 ملین ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔ 

یہ جدید ترین سہولت تاریخی برونکس جنرل پوسٹ آفس کی عمارت میں قائم کی جائے گی، جس پر تقریباً 70 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت جدید لیبارٹریاں، کلاس رومز، فیکلٹی دفاتر اور طلبہ کے لیے نئے تعلیمی اور تحقیقی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔میئر ایڈمز نے کہا کہ ہاسٹوس کمیونٹی کالج میں یہ نیا مرکز سالانہ پانچ ہزار طلبہ کو تربیت فراہم کرے گا اور انہیں صحت اور سائنس کے شعبوں میں بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر کارنیل کے طلبہ کے لیے بہترین سہولتیں ہوسکتی ہیں تو سی یو این وائی کے طلبہ بھی اسی معیار کے حقدار ہیں۔” اس موقع پر ڈپٹی میئر آنا جے المانزر نے اسے ذاتی طور پر ایک اہم لمحہ قرار دیا کیونکہ ان کی تعلیمی زندگی کا آغاز بھی ہاسٹوس سے ہوا تھا۔چانسلر ماتوس روڈریگیز نے کہا کہ یہ منصوبہ برونکس اور ہاسٹوس کمیونٹی کے ایک دہائی پرانے خواب کی تعبیر ہے، جس سے طلبہ کی تعداد دوگنی ہو سکے گی اور مزید نوجوان صحت عامہ کے پیشوں میں داخل ہو سکیں گے۔ ہاسٹوس کالج کی صدر ڈاکٹر ڈیسی کوکو ڈی فیلیپس نے کہا کہ نئی سہولت سے کمیونٹی کی ضروریات پوری ہوں گی اور مزید طلبہ صحت اور سٹیم شعبوں میں آگے بڑھ سکیں گے۔یہ مرکز 2028 میں کھلنے کی توقع ہے اور اس سے نرسنگ، ڈینٹل ہائی جین، ریڈیولوجی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ سرجیکل نرسنگ، آکیوپیشنل تھراپی اور ہوم ہیلتھ کیئر جیسے نئے پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔ مقامی رہنماؤں اور عوامی نمائندوں نے اس منصوبے کو برونکس میں تعلیمی و معاشی ترقی کا سنگ میل قرار دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.