vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا: آر ایف کے جونیئر پر عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے کا الزام

0

امریکہ کے سابق ڈائریکٹرز اور قائم مقام ڈائریکٹرز نے کہا ہے کہ ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز کے سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر اپنی پالیسیوں کے ذریعے امریکی عوام کی صحت کو سنگین خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

یہ موقف انہوں نے نیویارک ٹائمز میں شائع ایک مشترکہ اداریے میں پیش کیا۔رپورٹ کے مطابق، سی ڈی سی کی نئی ڈائریکٹر سوزن موناریز کی برطرفی نے صورت حال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کینیڈی نے ان پر کووڈ ویکسین پالیسی میں تبدیلی اور اعلیٰ عہدیداروں کی برطرفی کے لیے دباؤ ڈالا تھا، جس سے انکار پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ سابق ڈائریکٹرز کا کہنا ہے کہ اس اقدام سمیت دیگر فیصلے امریکہ کی صحتِ عامہ کے نظام کو کمزور کر رہے ہیں۔اداریے میں کہا گیا ہے کہ کینیڈی نے ہزاروں وفاقی صحت کارکنوں کو برطرف کیا، خسرہ کے پھیلاؤ کے دوران غیر ثابت شدہ علاج کو فروغ دیا اور 500 ملین ڈالر کی وفاقی ویکسین ریسرچ منسوخ کر دی۔ مزید برآں، سی ڈی سی کی ویکسین ایڈوائزری کمیٹی کے تمام 17 اراکین کو ہٹا کر اپنی پسند کے افراد تعینات کیے گئے، جن میں سے کئی ویکسین مخالف خیالات رکھتے ہیں۔سابق قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر رچرڈ بیسر نے کہا کہ یہ اقدامات ملک کو نہ صرف روزمرہ کے طبی مسائل بلکہ آئندہ وبائی خطرات کے لیے بھی غیر محفوظ بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق سی ڈی سی، جسے دنیا کا سب سے معتبر ادارہ سمجھا جاتا تھا، اب "لائف سپورٹ” پر ہے اور فوری توجہ کا متقاضی ہے۔سابق ڈائریکٹرز نے کانگریس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایچ ایچ ایس پر نگرانی کا اپنا آئینی اختیار استعمال کرے، جبکہ ریاستی اور مقامی حکومتوں کو بھی فنڈنگ کے خلا کو پر کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ سیاسی نہیں بلکہ قومی صحت کے تحفظ کا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.