نیویارک کے میئر ایڈمز نے 13 سالہ ڈے ورجے ڈینیئل کو اعزازی ڈپٹی میئر برائے پبلک سیفٹی مقرر کردیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز نے ہیوسٹن، ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ ڈے ورجے "ڈی جے” ڈینیئل کو اعزازی ڈپٹی میئر برائے پبلک سیفٹی کے طور پر حلف دلایا۔ دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے کینسر سے کئی برسوں سے لڑنے والے ڈی جے کو اس اعزاز کے ذریعے شہر کی جانب سے ان کی ہمت اور جدوجہد کو سراہا گیا۔ڈی جے ڈینیئل کو اب تک ملک بھر کی 1,351 سے زائد قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں میں اعزازی طور پر شامل کیا جا چکا ہے، جن میں نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ، یو ایس سیکرٹ سروس اور ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن بھی شامل ہیں۔ میئر ایڈمز نے تقریب میں کہا کہ ڈی جے نے اپنی بیماری کو حوصلے میں بدلا اور دوسروں کے لیے امید کا پیغام بنے۔تقریب میں ڈی جے کو خصوصی شرٹ اور پروکلیمیشن بھی پیش کی گئی، جس میں انہیں استقامت اور خدمت کی علامت قرار دیا گیا۔ ڈی جے اور ان کے والد کی کہانی نے شرکاء کو متاثر کیا، جبکہ دن بھر کے لیے انہیں شہر کے مشہور مقامات، بشمول ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ اور کشتی کے سفر پر لے جانے کا اعلان کیا گیا۔میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ دن ڈی جے اور ان کے خاندان کے نام ہے، اور ان کی بہادری نیویارک کے تمام شہریوں کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے۔