الینوئے وہیٹن میں پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا
شکاگو(رپورٹ: سید خلیل اللہ) ریاست الی نوائے کے وہیٹن شہر میں پاکستان یو ایس اے فریڈم ریلائنس کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں افراد سمیت امریکی و پاکستانی حکام، صحافیوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
وہیٹن کے ڈوپیج کاؤنٹی فیئر گراؤنڈز میں پاکستان یو ایس اے فریڈم ریلائنس کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کی تاریخی تقریب منعقد ہوئی۔ رنگا رنگ اور پروقار تقریب میں پانچ ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں امریکی و پاکستانی سفارتی و سیاسی شخصیات، مقامی سرکاری حکام، صحافی، کمیونٹی رہنما، اور پاکستانی و جنوبی ایشیائی نژاد امریکی شہری شامل تھے۔ تقریب کی نظامت سلمان آفتاب اور شیریں ماروی نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان کے قونصل جنرل جناب طارق کریم نے کیک کاٹ کر یومِ آزادی کی خوشیوں کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس موقع پر امریکی سینیٹرز، کانگریس ممبران ڈوپیج کاؤنٹی کے اٹارنی جنرل، ٹریژرر، بورڈ ممبران، قریبی شہروں کے میئرز، شمالی شکاگو کے مقامی حکام، شیرف جیمز مینڈرک، بورڈ ممبر سعدیہ گل کوورٹ اور نیپروِل سٹی کونسل کے رکن اشفاق حسین سید سمیت دیگر معزز مہمانوں نے تقریب میں شرکت کر کے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔قونصل جنرل پاکستان طارق کریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک جدید، جمہوری اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے حالیہ جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی متوازن، مؤثر اور فیصلہ کن حکمتِ عملی کو اجاگر کیا اور کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی نہ صرف عسکری میدان میں فتح تھی بلکہ پاکستانی قوم کے عزم، اخلاقی برتری اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر بھی ہے۔پاکستان یو ایس فریڈم ریلائنس کے صدر اقبال خان نے کہا کہ وہ گزشتہ 35 سالوں سے ڈوپیج کاؤنٹی میں امریکہ پاکستان تعلقات کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں، اور آزادی میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی ہر سال اس دن کو بڑی محبت اور اتحاد کے ساتھ مناتی ہے، اور یہ جوش و خروش دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ پاکستان سے محبت دلوں میں زندہ ہے۔ تقریب کے دوران متعدد کمیونٹی رہنماؤں اور نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی ایوارڈز اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر گلوکار تحسین جاوید اور دیگر مقامی فنکاروں نے ملی نغموں اور روایتی موسیقی سے شرکاء کے دل جیت لیے۔حاضرین وطن سے محبت کے نغموں پر جھومتے اور پاکستان کے جھنڈے لہراتے دکھائی دیے۔تقریب میں مختلف پاکستانی اور مقامی کاروباروں نے کھانوں، ملبوسات، جیولری، اور دیگر ثقافتی اشیاء کے اسٹالز لگائے۔ سعدیہ خان نےایتھنک ٹرینڈز کے پلیٹ فارم سے ایک دیدہ زیب دلہنوں کا فیشن شو پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ خواتین اور بچیوں کی بڑی تعداد نے فیشن شو میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔مہمانوں نے نہ صرف ذائقہ دار پاکستانی کھانوں کا لطف اٹھایا بلکہ خریداری سے بھی دل خوش کیا۔آخر میں شرکاء نے اس شاندار تقریب کے انعقاد پر صدر اقبال خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرز کی تقریبات منعقد ہوتی رہیں گی تاکہ نئی نسل کو اپنی ثقافت اور وطن سے جوڑے رکھا جا سکے۔