vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں یومِ آزادی پاکستان کی تقریب، مسلح افواج کو معرکۂ حق میں کامیابی پر خراجِ تحسین

0

نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ  کے زیر اہتمام یومِ آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں آپریشن معرکۂ حق بنیان المرصوص میں کامیابی پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت پاک امریکی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ نے یومِ آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں مسلح افواج کو آپریشن معرکۂ حق بنیان المرصوص میں شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں دو سو سے زائد معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں منتخب نمائندے، کمیونٹی رہنما، تاجر، اساتذہ، طلبہ، مذہبی رہنما، میڈیا کے نمائندے اور پاک امریکی کمیونٹی کے اراکین شامل تھے۔تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جو قونصل جنرل پاکستان نیویارک عامر احمد اتو زئی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے مشترکہ طور پر کی۔اپنے خطاب میں قونصل جنرل نے قیامِ پاکستان کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

 سفیر عاصم افتخار احمد نے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کو پاکستان کے لئے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے قیام کے بنیادی اصول امن، انصاف اور عزت آج بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے ماضی میں تھے۔چیف گیسٹ لاہور ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس محمد طارق ندیم نے تحریکِ آزادی کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے اتحاد، قانون کی بالادستی اور قومی اداروں کی مضبوطی پر زور دیا۔تقریب میں معروف فنکار امجد حسین نے قومی نغمہ پیش کیا جبکہ استاد عبداللہ نیازی اور وقاص نیازی قوال نے قوالی کا روح پرور کلام سنایا۔

اس موقع پر معرکۂ حق پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں پاکستانی مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی دفاع میں کردار کو اجاگر کیا گیا۔تقریب کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ پاکستان اپنی بنیادی اقدار کی پاسداری اور قومی مقاصد کے حصول کے لئے یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.