نیویارک: 9/11 حملوں کے 24 سال بعد مزید 3 متاثرین کی شناخت
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے دفترِ چیف میڈیکل ایگزامینر نے 11 ستمبر 2001 کے دہشتگرد حملوں کے 24 سال بعد ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے مزید 3 متاثرین کی شناخت کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈی این اے تجزیے کی مدد سے رائن فٹزجیرالڈ، باربرا کیٹنگ، اور ایک بالغ خاتون کی شناخت کی گئی ہے جن کا نام ان کے خاندان کی درخواست پر ظاہر نہیں کیا گیا۔ یہ بالترتیب 1651، 1652 اور 1653 ویں متاثرین ہیں، جن کی شناخت کی جا چکی ہے۔ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے میں 2,753 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں سے اب تک صرف آدھے سے کچھ زائد متاثرین کی شناخت ہو سکی ہے۔ چیف میڈیکل ایگزامینر کا دفتر اب بھی ملبے سے ملنے والی باقیات کی جانچ کرتا آ رہا ہے، اور نئے ڈی این اے نمونوں کی مدد سے یہ سلسلہ جاری ہے۔رائن فٹزجیرالڈ کی عمر 26 سال تھی اور وہ مین ہٹن میں غیر ملکی کرنسی کے تاجر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ باربرا کیٹنگ، جو 72 سالہ بریسٹ کینسر سروائیور تھیں، امریکن ایئرلائنز کی فلائٹ 11 میں سوار تھیں اور مشرقی ساحل پر اپنے نواسے نواسیوں سے ملاقات کے بعد واپس کیلیفورنیا جا رہی تھیں۔میئر ایرک ایڈمز نے اس پیش رفت پر کہا کہ اگرچہ اس دن کا درد اب بھی باقی ہے، لیکن یہ نئی شناختیں ان خاندانوں کے لیے تسلی کا باعث ہیں جو اب بھی اپنے پیاروں کے فراق میں ہیں۔چیف میڈیکل ایگزامینر ڈاکٹر جیسن گراہم نے کہا کہ یہ شناختیں سائنس کی طاقت اور خاندانوں کے ساتھ ہمارے مسلسل رابطے کا ثبوت ہیں۔تاحال تقریباً 1,100 متاثرین، یعنی مرنے والوں کا تقریباً 40 فیصد حصہ، ایسے ہیں جن کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی۔