بروکلین: خاتون کا 68 ملین ڈالر کی ہیلتھ کیئر فراڈ اسکیم میں اعترافِ جرم
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کی رہائشی زکیہ خان نامی خاتون نے میڈیکیڈ سے دھوکہ دہی اور ہیلتھ کیئر کِک بیکس دینے کی سازش کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔ محکمہ انصاف کے مطابق یہ اسکیم تقریباً 68 ملین ڈالر کے غیر قانونی دعووں پر مبنی تھی۔
بروکلین میں مقیم زکیہ خان نے میڈیکیڈ فراڈ اور ہیلتھ کیئر رشوت اسکیم میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔ زکیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی دو سوشل ایڈلٹ ڈے کیئرز اور دیگر کمپنیوں کے ذریعے جعلی میڈیکیڈ کلیمز کیے اور مریضوں کو رشوت دے کر مراکز میں بلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔وفاقی حکام کے مطابق یہ اسکیم 68 ملین ڈالر مالیت کی تھی، جس میں جعلی خدمات کے عوض بلنگ، رقم لانڈرنگ، اور مزید رشوتوں کی ادائیگی شامل تھی۔ خان 2026 میں سزا سنائے جانے کا سامنا کریں گی اور انہیں 15 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے 5 ملین ڈالر کی رقم حکومت کو واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔اس کیس کی تحقیقات محکمہ صحت کے انسپکٹر جنرل، ہوم لینڈ سیکیورٹی اور NYPD نے مشترکہ طور پر کیں۔ امریکی محکمہ انصاف کی ہیلتھ کیئر فراڈ اسٹرائیک فورس نے بھی اس مقدمے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو 2007 سے اب تک 5,800 سے زائد ملزمان کو 30 بلین ڈالر سے زائد کے فراڈ میں ملوث ہونے پر مقدمات کا سامنا کروا چکی ہے۔