مین ہٹن: تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق
مین ہٹن(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک 30 سالہ سائیکل سوار اور 60 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔
این وائی پی ڈی کے مطابق، واقعہ مین ہٹن کے علاقے چائنہ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں چیوی ملیبو گاڑی صبح تقریباً 7:30 بجے مین ہٹن برج سے نکل کر کینال اسٹریٹ اور باؤری کے قریب کرب پر چڑھ کر راہگیروں کو ٹکر مار دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک 30 سالہ نوجوان سائیکل سوار اور ایک 60 سالہ خاتون راہگیر شامل ہیں۔ دونوں افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں موجود دو خواتین، جن کی عمریں 22 اور 23 سال ہیں، حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھیں لیکن مقامی شہریوں اور پولیس کی بروقت کارروائی سے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔