کیرولائنا میں 43 فرار ہونے والے بندروں میں سے آخری کو دو ماہ بعد پکڑ لیا گیا
کیرولائنا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے جنگلات میں دو ماہ تک آزاد رہنے والے 43 رہسس میکاک بندروں میں سے آخری بندر کو آخر کار پکڑ لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ بندر 6 نومبر کو ایک ملازم کی غلطی سے الفا جینیسس مرکز سے فرار ہو گئے تھے، جب ان کے پنجرے کا دروازہ مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ یہ بندر زیادہ تر مرکز کے قریب ہی رہیں، اور انہیں پروٹین سے بھرپور مونگ پھلی کے مکھن اور جیلی سینڈوچز کے ذریعے واپس قید میں لایا گیا ہے۔ بندر الفا جینیسس مرکز میں رکھے گئے تھے جہاں انہیں طبی تحقیق کے لیے پالاجاتا ہے۔ حکام نے کہا کہ ان بندروں سے عوامی صحت کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔ یہ بندر سائنسی تحقیق کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ رہسس میکاک اور انسانوں کے ڈی این اے میں 93% مماثلت ہے، کیونکہ دونوں ایک مشترکہ آبا سے تقریباً 25 ملین سال پہلے علیحدہ ہوئے تھے۔ ان بندروں کا سائز تقریباً بلی کے برابر تھا اور ان کا وزن 7 پاؤنڈ تک تھا۔ مرکز یمسسی کے قریب ایک میل دور واقع ہے، اور جارجیا کے سیوینا سے تقریباً 50 میل شمال مشرق میں موجود ہے۔