نیوجرسی میں پانی کی لائن پھٹ گئی، اسپتال میں آپریشن معطل
نیوجرسی کے بڑے اسپتالوں میں شامل کوپر مین برنابس میڈیکل سینٹر کے قریب پانی کی مرکزی لائن پھٹنے سے انتظامیہ نے آپریشن ملتوی کردیے اور ایمبولینسز کومتبادل راستہ اختیار کرنے کے ساتھ دوسرے اسپتال بھیجا جارہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیوجرسی کے ایسیکس کاونٹی کی لیونگسٹن ٹاون شپ میں واقع 597 بستروں پر مشتمل برنابس میڈیکل سینٹر کے ایمر جنسی ڈیپارٹمنٹ کے باہر سے گزرنے والی پانی کی مرکزی لائن سخت سردی کے باعث تقریباً صبح نو بجے کے قریب پھٹ گئی، واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے کئی آپریشن اور سرجری منسوخ کردی اور ایمرجنسی میں آنے والی ایمبولینس کو دوسرے اسپتال جانے کا مشورہ دیا۔ اسپتال کے ترجمان کیری کرسٹیلو کے مطابق شعبہ حادثات کھلا ہے جہاں آتشزدگی کے شکار جھلسے ہوئے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے البتہ او پی ڈی کی سروس متاثر ہوئی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ ایسیکس کاونٹی اور محکمہ صحت کےساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی میں دوبارہ فعال کی جاسکے ۔