
نو مسلموں کے اعزاز میں اکنا کی ریورٹ کانفرنس
نیویارک(نمائندہ خصوصی)امریکہ میں ہر سال ہزاروں افراد مسلمان ہوتے ہیں، لیکن اسلام قبول کرنے کے بعد بعض افراد اپنے خاندان سے کٹ جاتے ہیں۔ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ایسے افراد کی دلجوئی کے لیے نیویارک کے مسلم کمیونٹی نے "ریورٹ کانفرنس” کا اہتمام کیا۔ یہ کانفرنس نئے مسلمانوں کو خوش آمدید کہنے اور ان کی دین اسلام میں آمد کا جشن منانے کے لیے منعقد کی گئی۔نیویارک کے علاقے کوئنز میں ہونے والی اس خوبصورت تقریب میں نو مسلم امریکنز، اکنا المرکز کے ذمہ داران، کارکنان اور مختلف مسلم کمیونٹیز کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔۔

اس سال کانفرنس میں 9 نو مسلم امریکنز کی گریجویشن تقریب بھی منعقد ہوئی، جس کا مقصد انہیں مسلم معاشرے میں اہمیت اور شمولیت کا احساس دلانا تھا۔ہفتہ وار "نیو مسلمز کلاسز” اکنا کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوتی ہیں۔ تقریب کی نظامت برادر ٹم اور سسٹر ایلی نے کی، جنہوں نے مقررین کو خطاب کی دعوت دی۔ ڈاکٹر موسیٰ اور سسٹر ایلشبا نے تقریب کا مقصد بیان کیا اور تنظیم کا تعارف کرایا۔ برادر طارق الرحمن،اکنا نیویارک کے صدر، نے نو مسلموں کو گریجویشن مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں اسلام قبول کرنے کے بعد معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے مشورے دئیے۔امام عبدالعزیز نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے امریکی مسلمانوں کی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر گریجویشن مکمل کرنے والے طلباء کو سرٹیفکیٹس اور تحائف پیش کیے گئے۔ ریورٹ کلاسز کے ٹیچر خالد وحید نے ڈاکٹر موسیٰ اور امام عبدالجبار کے ساتھ طلباء کو سرٹیفکیٹس دیے۔ نو مسلم امریکنز نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنی کہانیاں اور جذبات شئیر کیے۔ دوسری سالانہ ریورٹ کانفرنس کامیابی سے ہوئی، جس کا مقصد نو مسلموں کو ایک ایسا ماحول فراہم کرنا تھا جہاں وہ اپنائیت محسوس کریں اور خود کو اس معاشرے کا ایک حصہ سمجھیں۔ تقریب کے دوران پرتکلف کھانوں کا انتظام کیا گیا، اور اختتامی کلمات میں مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کیا گیا۔ دعا کے ساتھ خوبصورت تقریب کا اختتام ہوا۔