
عدم تحفظ کا شکار خواتین کی مدد کے لیے1ملین ڈالرز مختص کرنے کی تیاری
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک شہر میں عدم تحفظ کا شکار خواتین کی مدد کے لیے پروگرام شروع کیا جارہا ہے ۔اس حوالے سےنیو یارک سٹی کونسل دی برج پروجیکٹ کے لیے 1.5 ملین ڈالرز کی فنڈنگ مختص کررہی ہے یہ ایک غیرمنافع بخش ادارہ ہے جو حاملہ ماؤں کے لیے ضمانت شدہ آمدنی کا پروگرام چلاتا ہے۔فنڈنگ دی برج پروجیکٹ کو 161 حاملہ خواتین کو باقاعدگی سے آمدنی میں مدد فراہم کرنے کی اجازت دے گی خصوصا جو خواتین عدم تحفظ کا سامنا کررہی ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد ماؤں کی صحت کو بہتر بنانا اور بچوں کی غربت کو کم کرنا ہے۔نیویارک سٹی کونسل کے سپیکر ایڈرین ایڈمز نے ایک بیان میں کہا کہ یہ زچگی کی صحت کے لیے خطرہ بننے والے معاشی دباؤ کو کم کرنے اور کم آمدنی والی ماؤں کو استحکام اور سلامتی کے راستے محفوظ کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔پروگرام میں حصہ لینے والی161 خواتین کو ان کے بچوں کی زندگی کے پہلے تین سالوں کے دوران مالی امداد ملے گی۔خواتین کو پہلے ڈھائی ہزار ڈالرز کی ادائیگی ملے گی، اس کے بعد پہلے 15 ماہ کے لیے1ہزار ڈالرز اور پروگرام کے آخری 21 ماہ کے لیے500ڈالرزکی ماہانہ ادائیگی ہوگی۔نیویارک سٹی کونسل کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ میونسپل فنڈنگ کو گارنٹی شدہ آمدنی کے پروگرام کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ نیویارک سٹی کونسل کے رکن کرسٹل ہڈسن نے ایک بیان میں کہا کہ دو سال پہلے میں نے شہر کو ایک پائلٹ پروگرام بنانے کا اختیار دینے کے لیے قانون سازی متعارف کروائی تھی تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مکانات کی عدم استحکام، بے گھری، اور مالی عدم تحفظ سے جڑے دیگر چیلنجوں کے لیے براہ راست نقد امداد فراہم کی جا سکے۔ میں گارنٹیڈ انکم پائلٹ پروگرام کو حقیقت بنانے میں سپیکر ایڈمز کی قیادت اور عزم کے لیے تہہ دل سے مشکور ہوں، ۔