ایڈمز کا آؤٹر بوروز میں سٹی بائیک سروس کے بڑے پیمانے پر توسیع کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے آؤٹر بوروز میں سٹی بائیک سروس کے بڑے پیمانے پر توسیع کا اعلان کیا ہے۔
میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد شہر کے بیرونی بورو برونکس، بروکلین، کوئینز، اور اسٹیٹن آئی لینڈ میں بائیک شیئرنگ کے نیٹ ورک کو وسیع کرنا ہے۔ حکام کے مطابق اس توسیع کے تحت، سٹی بائیک کے نئے اسٹیشنز کی تعداد بڑھائی جائے گی اور بائیک کی دستیابی میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بائیک کے استعمال میں سہولت ہو اور انہیں تیز، سستے، اور ماحولیاتی طور پر محفوظ سفر کے مواقع ملیں۔ ایڈمز نے اس اقدام کو نیویارک کے پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹم کی ترقی میں اہم قدم قرار دیا جس سے شہر کے مختلف حصوں میں عوامی نقل و حمل کے متبادل ذرائع کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ نئے اسٹیشنز اور بائیکس کی تنصیب سے نہ صرف بیرونی بورو کے رہائشیوں کو فائدہ ہوگا بلکہ شہر میں کاربن کے اخراج میں کمی لانے اور ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔