امریکی شہر نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے قیدیوں کے لیے ایک نئے طبی مرکز کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو متنازعہ جیل رائیکرز آئی لینڈ کو بند کرنے کے منصوبے کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ جدید "تھراپیوٹک ہاؤسنگ یونٹ” این وائی سی ہیلتھ اینڈ ہاسپٹلز کے بیلیو اسپتال میں قائم کیا گیا ہے، جہاں 104 بستروں پر مشتمل یہ سہولت شدید طبی مسائل کا شکار قیدیوں کو منتقل کر کے بہتر علاج فراہم کرے گی۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جیل نظام میں بنیادی تبدیلی کی جانب ایک عملی قدم ہے، جس کے تحت قیدیوں کو تاخیر اور مشکلات کے بجائے بروقت اور باوقار طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس یونٹ میں کینسر، دل کے امراض اور دیگر پیچیدہ بیماریوں کے مریضوں کو خصوصی نگہداشت دی جائے گی۔شہری انتظامیہ کے مطابق یہ تین منصوبہ بند یونٹس میں سے پہلا ہے، جبکہ مزید مراکز ووڈہل اور نارتھ سینٹرل برونکس میں قائم کیے جائیں گے، جہاں ذہنی صحت کے مسائل کا شکار قیدیوں کو بھی علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف قیدیوں کی صحت بہتر ہوگی بلکہ جیل نظام میں انسانی بنیادوں پر اصلاحات کو فروغ ملے گا، جو بالآخر رائیکرز آئی لینڈ کو مکمل طور پر بند کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔