امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقے میں امیگریشن حکام کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا۔رپورٹ کے مطابق امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے اہلکاروں نے پیٹرسن میں ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، جس میں موجود شخص کی شناخت کارلوس ایوان مینڈوزا ہرنینڈز کے نام سے کی گئی ہے۔حکام کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ شخص نے گاڑی کو اہلکاروں پر چڑھانے کی کوشش کی، جس کے جواب میں اہلکاروں نے دفاعی فائرنگ کی۔ تاہم فائرنگ کی تعداد اور مکمل تفصیلات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔واقعے کے بعد زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ مقامی پولیس کے مطابق اس کارروائی میں مقامی قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل نہیں تھے۔ ایف بی آئی نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکا میں امیگریشن پالیسی اور آئی سی ای کی کارروائیوں پر شدید تنقید جاری ہے، اور مختلف حلقوں کی جانب سے طاقت کے استعمال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔