vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں جرائم کی شرح تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

0

نیویارک سٹی میں جرائم کی شرح میں کمی آنے  لگی ۔ نیویارک  پولیس کی کمشنر جیسیکا ٹش نے اعلان کیا ہےرواں سال کے پہلے تین مہینوں میں شہر میں قتل اور فائرنگ کے واقعات کی تعداد ریکارڈ حد تک کم ہو گئی ہے۔ اس عرصے کے دوران صرف 54 قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے، اعدادو شمار کے موازنہ کریں تو 2016 میں 60 افراد قتل کیے گئے تھے۔

 اسی طرح فائرنگ کے واقعات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ یہ  تعداد 139 رہی، جو 2025 کے ریکارڈ کے برابر ہےاور اسے شہر کی تاریخ کا محفوظ ترین دور قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق مجموعی بڑے جرائم میں 5.3 فیصد کمی آئی ہےجبکہ برونکس میں سب سے زیادہ 9.4 فیصد کمی دیکھی گئی۔ چوری کی وارداتوں میں 20.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو کہ تاریخ کی دوسری کم ترین سطح ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی "پریسیژن پولیسنگ” حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جس کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف منظم  کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور حساس علاقوں میں اضافی اہلکاربھی تعینات کیے گئے ہیں۔نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے بھی اس پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ شہر یوں کے  تحفظ کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پبلک ہاؤسنگ علاقوں میں بھی جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جہاں قتل، ڈکیتی اور فائرنگ کے واقعات میں تاریخی کمی دیکھی گئی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جنسی زیادتی کے واقعات میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی ایک وجہ قانون میں حالیہ تبدیلیاں اور متاثرین کو رپورٹ کرنے کی حوصلہ افزائی بھی بتائی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ بھی جرائم کی روک تھام کے لیے اپنی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.