ریاض: مفتی فضل غفور اور قاری زین اللہ کے اعزاز میں تقریب
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جمعیت علماء اسلام کے اکابرین مفتی فضل غفور اور قاری زین اللہ کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں جمعیت کے اکابرین، کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کے نائب امیر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی فضل غفور نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور جے یو آئی ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ جماعت ہے جبکہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں بردار اسلامی ممالک کے درمیان انتہائی اہم ہے، پاکستان کا بچہ بچہ حرمین شریفین کے دفاع کے لئے حاضر ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب بھی قوم پر مشکل وقت آیا جمعیت نے ہر محاذ پر قوم کا ساتھ نبھایا، جمعیت پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاعِ وطن کے لئے ہر دم تیار ہے۔ تقریب سے قاری زین اللہ، قاری ابدال ترابی، ممتاز خان،مولانا اسد اللہ، زاہد اللہ ہمدرد، عطاء اللہ مفکر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن کا قیمتی اثاثہ ہیں اور جمعیت ہمیشہ ان کی رہنمائی اور تعاون کے لیے پیش پیش رہے گی۔