امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع ایک اہم فوجی اڈے کے باہر دھماکہ خیز مواد ملنے کے بعد ایک بھائی اور بہن کے خلاف سنگین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات تیز کر دی ہیں جبکہ ایک ملزم ملک سے فرار ہو چکا ہے۔حکام کے مطابق 20 سالہ ایلن ژینگ اور اس کی 27 سالہ بہن این میری ژینگ پر وفاقی سطح پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ ایلن ژینگ پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش، دھماکہ خیز مواد تیار کرنے اور غیر رجسٹرڈ خطرناک ڈیوائس رکھنے کے الزامات لگائے گئے ہیں، جبکہ اس کی بہن پر شواہد چھپانے اور ملزم کی مدد کرنے کا الزام ہے۔ بہن کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ بھائی مبینہ طور پر چین فرار ہو گیا ہے۔یہ واقعہ 16 مارچ کو اس وقت پیش آیا جب ٹمپا میں واقع میک ڈِل ایئر فورس بیس کے باہر ایک مشکوک پیکج ملا، جس کے بعد ایف بی آئی نے فوری تحقیقات شروع کر دیں۔ یہ بیس امریکی سینٹرل کمانڈ کا اہم مرکز ہے جو مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا میں فوجی آپریشنز کی نگرانی کرتا ہے، اور ایران جنگ کے بعد سے ہائی الرٹ پر ہے۔رپورٹ کے مطابق اسی بیس کو دھمکی آمیز فون کالز کرنے والے ایک اور شخص کو بھی حالیہ دنوں میں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم تفتیش کاروں نے اس شخص کا ژینگ بہن بھائی سے کوئی براہ راست تعلق ظاہر نہیں کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔