امریکہ کے محکمہ انصاف نے شہریت کے حصول میں فراڈ اور جرائم چھپانے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کی امریکی شہریت منسوخ کر دی جبکہ ایک تیسرے شخص کے خلاف بھی مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات امیگریشن نظام میں شفافیت برقرار رکھنے اور دھوکہ دہی کے خاتمے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔محکمہ انصاف کے مطابق یوکرین سے تعلق رکھنے والے ولادیمیر وولگایف کی شہریت منسوخ کی گئی، جس پر الزام تھا کہ اس نے اسلحہ کے پرزہ جات غیر قانونی طور پر بیرون ملک اسمگل کیے اور یہ حقائق شہریت حاصل کرتے وقت چھپائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نے نہ صرف جھوٹ بولا بلکہ شہریت کے لیے درکار اچھے کردار کی شرط بھی پوری نہیں کی۔اسی طرح کیوبا سے تعلق رکھنے والی مائریلس کابریرا ڈیاز کی امریکی شہریت بھی ختم کر دی گئی، جو ہیلتھ کیئر فراڈ میں ملوث پائی گئیں۔ عدالت کے مطابق انہوں نے میڈیکیئر پروگرام کے تحت جعلی کلیمز کے ذریعے 60 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم حاصل کی اور جرم کا اعتراف بھی کیا، جس کے بعد انہیں قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔مزید برآں لبنان سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا گیا ہے جس پر شادی کی بنیاد پر شہریت حاصل کرنے میں فراڈ کا الزام ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی ازدواجی حیثیت کے بارے میں غلط معلومات فراہم کیں اور جھوٹی گواہی دے کر امریکی شہریت حاصل کی۔ محکمہ انصاف نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی جو دھوکہ دہی کے ذریعے شہریت حاصل کرتے ہیں۔