نیویارک سٹی انتظامیہ نے اسٹریٹ وینڈرز کی مدد اور رہنمائی کے لیے ایک نئے دفتر کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کرینا کافمین گوٹیریز کو اس کا پہلا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام شہر میں چھوٹے کاروباروں اور خصوصاً اسٹریٹ وینڈرز کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔انتظامیہ کے مطابق یہ نیا دفتر اسٹریٹ وینڈرز کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جہاں انہیں تربیت، قانونی رہنمائی اور کاروباری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ وینڈرز کو باضابطہ معیشت کا حصہ بننے کے مواقع سے آگاہ کیا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ وینڈرز شہر کی معیشت اور ثقافت کا اہم حصہ ہیں، جو نہ صرف روزگار پیدا کرتے ہیں بلکہ شہری زندگی کو متحرک بھی رکھتے ہیں۔ نئے دفتر کے ذریعے مختلف سرکاری اداروں، کمیونٹی تنظیموں اور مقامی نمائندوں کے ساتھ مل کر ایک منظم اور منصفانہ نظام تشکیل دیا جائے گا۔انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام اسٹریٹ وینڈرز کے لیے قوانین کو آسان بنانے، غیر ضروری جرمانوں میں کمی اور بہتر پالیسی سازی میں مدد دے گا۔