نیویارک سٹی انتظامیہ نے فاسٹ فوڈ اور ریٹیل شعبے سے وابستہ 800 سے زائد کارکنوں کے لیے تقریباً 20 لاکھ ڈالر کی رقم دلوا دی ہے، جو لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کے ازالے کے طور پر ادا کی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ اقدام کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔
شہری انتظامیہ نے اس کے ساتھ اسٹیٹن آئی لینڈ میں کام کرنے والی ایک کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے، جس پر تقریباً ایک ہزار ملازمین کے حقوق کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ حکام کے مطابق ملازمین کو شیڈول بروقت نہ دینا، اضافی اوقات کار پر رضامندی نہ لینا اور دیگر خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک کمپنی 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمین کو ڈیڑھ ملین ڈالر سے زیادہ ادا کرے گی جبکہ ایک فیشن ریٹیلر بھی درجنوں ملازمین کو رقم ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ سول جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں تاکہ آئندہ ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جا سکے۔شہری حکام کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 85 لاکھ ڈالر سے زائد رقم ملازمین کو دلائی جا چکی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متاثرہ افراد کو شکایات درج کرانے کی مکمل سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔