vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی ایئر پورٹس پر امیگریشن اہلکار تعینات

0

امریکا میں حکومتی فنڈنگ بحران کے باعث ایئرپورٹس پر عملے کی کمی کے پیش نظر امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے اہلکاروں کو سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ 

نیویارک کے جان ایف کینیڈی، لاگارڈیا اور نیوارک ایئرپورٹس سمیت ملک بھر کے درجنوں ایئرپورٹس پر یہ اقدام کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق آئی سی ای اہلکار بنیادی طور پر ٹرمینلز کے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے عملے کو اسکریننگ کے عمل پر مکمل توجہ دینے کا موقع مل سکے۔ ایک اندازے کے مطابق صرف نیوارک ایئرپورٹ پر ہی درجنوں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ اہلکار ایئرپورٹس پر سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے بھیجے گئے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر انہیں غیر قانونی سرگرمی نظر آئی تو وہ امیگریشن قوانین کے تحت کارروائی بھی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر نیشنل گارڈ کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب سینیٹرز نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے اسے سیاسی قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ غیر تربیت یافتہ اہلکاروں کی تعیناتی سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ حکام کے مطابق جزوی حکومتی بندش کے باوجود بعض ایئرپورٹس پر سیکیورٹی چیک کے دوران طویل قطاریں برقرار ہیں، جبکہ نیوارک ایئرپورٹ پر دھوئیں کی بو کے باعث کنٹرول ٹاور کو عارضی طور پر خالی بھی کرایا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.