نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے اہم قرارداد پیش
امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نےایک بارپھر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔۔اے پیگ کی کاوشوں سے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں اسمبلی مین نادر سئیج نے 18 مارچ کو پاکستانی امریکن بزنس ڈے اور 23 مارچ کو پاکستانی امریکن ہیریٹیج ڈے قرار دینے کی قرار داد پیش کردی۔۔۔
اجلاس کی کاروائی کے دوران پاکستانی سفیر رضوان سعید خان، قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی ،اے پیگ کے صد ر علی رشید اور ان کی پوری ٹیم بھی موجود تھی جنھوں نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم بھی تھامے ہوئے تھے۔اسمبلی اسپیکر نے پاکستان امریکن بزنس ڈے اور ہیریٹج ڈے کی قرارداد منظور کی تو سب کے چہرے جذبہِ حُب الوطنی سرشار ہوگئے۔قراردار میں اقتصادی ترقی، روزگار پیدا کرنے اور ریاست نیو یارک کے ثقافتی تنوع کو تقویت دینے میں پاکستانی امریکی تاجروں اور کاروباری رہنماؤں کے اہم کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔اس موقع پر پاکستانی امریکن کمیونٹی میں شامل کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں ۔بعد ازا ں نیویارکااسٹیٹ سینیٹ میں سینیٹرجان لو کے توسط سے بھی پاکستانی امریکن بزنس اور ہیریٹج کی قرار دادیں پیش کی گئیں جنھیں ایوانِ بالا نے قبول کرلیا۔ریاستی قانون ساز اسمبلی میں قرار داد پیش کرنے اور ان کی منظوری کا جشن منانے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید، نیویارک میں متعین قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور نیویارک کی ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔اس تقریب کی نظامت اسمبلی نیدر سیئج کر رہے تھے ۔۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر رضوا ن سعید شیخ اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اے پیگ کی کاوشوں کو بھرپور سراہااور ان قرار داد کی منظوری کو پائیدار ،مضبوط اقتصادی تعلقات کے قیام کے حوالے سے اہم سنگ میل قراردیا ۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی رشید نے اپنی تنظیم کی کار کردگی او ر سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی امریکیوں کو سیاسی سرگرمیوں میں شمولیت ، خواتین کو با اختیار بنانے، تہذیب و ثقافت کے تبادلے اور پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔اجلاس کے دوران پاکستانی کمیونٹی نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے اراکین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔قرار دا د کو اسمبلی میں پیش کرنے اور اس کی منظوری میں اہم کردار ادا کرنے والے اسمبلی مین نیدر سیئج کا کہنا تھا کہ نیویار ک سٹی میں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جن کا نہ صرف شہر اور ریاست بلکہ ملکی ترقی میں اہم کردار ہے۔تقریب میں اے پیگ کی ٹیم نے اسمبلی اراکین سے پاکستان اور ریاست نیویارک کے درمیان کاروباری و تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر گفتگو کی۔اس موقع پر نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس اور اپوزیشن لیڈر ایلک بروک کراسنی نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرارداد میں مختلف اقتصادی شعبہ جات بشمول ریٹیل، مہمان نوازی، ٹیکنالوجی، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور رئیل اسٹیٹ سمیت کلیدی شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا گیا ہے ۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے مابین اہم اقتصادی اور ثقافتی پل کے طور پر کردار ادا کر رہی ہے۔اسمبلی مین ڈیوڈ ویپرن، بوبی کیرول، جینیفر راج کمار نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اسمبلی اراکین نے اے پیگ کی بلاتفریق خدمتِ انسانیت کا اعتراف کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اے پیگ نے ہمیشہ کمیونٹی سروسز میں بڑھ چڑھ کا کام کیا ہے۔ قرارداد میں پاکستان اور ریاست نیویارک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے زور دیا گیا ہے۔ قرارداد کی منظوری کے موقع پر سینیٹر جیسیکا راموس،برائن کیون اور دیگر نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کی تعمیر و ترقی اور کامیابی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کا فعال کردار قابلِ ذکر اور ناقابل فراموش ہے ۔ریاست نیویارک کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی تعلقات میں پیش رفت سے مُتعلق رپورٹ آئندہ سالوں میں باقاعدگی سے گورنرنیویارک اور مقننہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔تقریب سے اے پیگ یوتھ چیپٹر سے فرحان رشید اور وومن چیپٹرکی تہمینہ خان نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پیگ نے اپنی سماجی سرگرمیوں کی بدولت پاکستانی اور امریکی کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مستحکم کیاہے، یہ بہت مثبت تبدیلی ہے۔قبل ازیں سفیرِ پاکستان رضوان سعید نے ریاستی سینیٹ کی اکثریتی رہنما سینیٹر اینڈریا اسٹیورٹ کزنز سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔شرکا کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کی مثبت پیش رفت کو معیشت کے میدان میں ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔تقریب کے اختتام پر اسمبلی مین نیدر سیئج نے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کو اسمبلی سے منظو رکی گئی قرار داد کا پروکلیمیشن پیش کیا۔ ۔