بروکلین میں 18ویں سالانہ افطار ڈنر کا انعقاد، کمیونٹی اور پولیس کے درمیان روابط مضبوط
نیویارک کے علاقے بروکلین میں واقع جامعہ محمدیہ رضویہ مسجد میں 18واں سالانہ افطار ڈنر منعقد ہوا۔جس میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی مسلم کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد علمائے کرام نے رمضان المبارک کی فضیلت اور افطار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس موقع پر اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کے پیغام کو اجاگر کیا۔بعد ازاں بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔افطار وقت ہوا تو امت مسلمہ کے لئے دعائیں کی گئیں۔بعد از افطارتقریب کے منتظم حاجی صابر خان اور محمدثمر خان نے نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے افسران کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکی خدمات کو سراہا۔افطار ڈنر میں این وائے پی ڈی میں تعینات پاکستانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر، اویس خانزادہ، مبین یاسین، کیپٹن عدنان اور میمونی ڈیز اسپتال کے سی ای او ڈیکلیس بھی موجود تھے۔اس موقع پر پولیس افسران نے منتظمین سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم کمیونٹی کے مسائل سننے اور اس کے حل کے لئے ہر ممکنہ تعاون فراہم کریں گے۔اس موقع پر نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔بعد ازاں منتظمین نےکمیونٹی سروسز پر پولیس افسران کو ایوارڈز سے نوازا اورآخر میں مہمانوں کی تواضع کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔