امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ متعدد کمپنیوں نے امریکی فضائیہ اور بحریہ سے ویلڈ ٹیبلز کی فراہمی کے دوران زائد رقم وصول کرنے کے الزامات پر 10.5 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت کمپنیوں کے خلاف جھوٹے دعووں کے قانون کے تحت کارروائی نمٹا دی گئی ہے۔حکام کے مطابق متعلقہ کمپنیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے دفاعی معاہدوں کے تحت فراہم کیے جانے والے آلات کی قیمتیں بڑھا کر حکومت سے اضافی ادائیگیاں حاصل کیں۔ یہ فنڈز ایک بڑے ویلڈنگ پلانٹ کی تعمیر اور آلات کی فراہمی کے لیے مختص کیے گئے تھے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی معاہدوں میں شامل ٹھیکیداروں کو مقررہ قیمت سے زیادہ وصول کرنے کی اجازت نہیں اور اس طرح کے اقدامات ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ایسے معاملات میں سخت نگرانی جاری رکھے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ معاملہ ایک سابق ملازم کی جانب سے دائر مقدمے کے بعد سامنے آیا، جس کے تحت اسے معاہدے کے نتیجے میں حاصل رقم میں سے تقریباً 18 لاکھ 63 ہزار ڈالر بطور حصہ دیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق یہ تصفیہ صرف الزامات کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور کمپنیوں کی ذمہ داری کا باضابطہ تعین نہیں کیا گیا۔