نیویارک کے میئر زوہران ممدانی اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے اعلان کیا ہے کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے باڈی وورن کیمرہ پالیسی کو باقاعدہ قانون کا درجہ دے دیا ہے، جس کے تحت اہم واقعات کی ویڈیو 30 دن کے اندر جاری کرنا لازمی ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ پالیسی ان واقعات پر لاگو ہوگی جن میں پولیس کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں کسی شہری کو نقصان پہنچے یا پولیس کے استعمالِ طاقت سے کسی کو شدید زخمی یا ہلاکت کا سامنا ہو۔ اس کے علاوہ پولیس کمشنر دیگر حالات میں بھی ویڈیو جاری کرنے کی اجازت دے سکتی ہیں اگر اس سے عوامی تحفظ اور امن و امان میں مدد ملے۔میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ شفافیت اور جوابدہی عوامی تحفظ کی بنیاد ہیں، اور اس اقدام سے شہریوں کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں گی جس سے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ باڈی کیمرے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہ اقدام محکمہ کی شفافیت کو مزید مضبوط بنائے گا۔این وائی پی ڈی کے مطابق اس پروگرام کے تحت 29 ہزار سے زائد افسران باڈی کیمرے استعمال کر رہے ہیں اور انہیں پولیس کارروائی سے قبل کیمرہ آن کرنا لازمی ہے، تاکہ تمام اہم لمحات ریکارڈ ہو سکیں۔