نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے 80 ملین ڈالر کے "این وائی سی فیوچر فنڈ” کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد چھوٹے کاروباروں کو آسان اور سستی مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام میں خاص طور پر امیگرنٹس، خواتین اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کو سہولت دینے پر توجہ دی گئی ہے۔حکام کے مطابق نئے پروگرام میں قرض کی کم از کم حد ایک لاکھ ڈالر سے کم کرکے 25 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے جبکہ شرح سود کو 9 فیصد سے کم کرکے 7.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ادائیگی کی شرائط کو بھی مزید آسان بنایا گیا ہے تاکہ چھوٹے کاروبار اپنی آمدنی کے مطابق قسطیں ادا کر سکیں۔مزید بتایا گیا کہ اب اس پروگرام کے لیے کم آمدنی والے کاروبار بھی اہل ہوں گے، جہاں سالانہ آمدنی کی شرط 3 لاکھ ڈالر سے کم کرکے 50 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہر بھر میں چھوٹے کاروباروں کو ترقی کے بہتر مواقع ملیں گے۔یہ پروگرام پبلک اور پرائیویٹ شراکت داری کے تحت چلایا جا رہا ہے، جس میں مختلف مالیاتی ادارے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق اس فنڈ کے ذریعے کاروباری افراد کو مالی بحران کے دوران سہارا دیا جائے گا اور شہر کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔