امریکہ کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں شدید برفباری اور تیز ہواؤں نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے، جس کے باعث ملک بھر میں تین ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ کئی ریاستوں میں اسکول بھی بند کر دیے گئے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق نصف سے زیادہ امریکی آبادی پیر کے روز شدید موسمی حالات کی زد میں رہی۔حکام کے مطابق مشی گن، وسکونسن اور مینیسوٹا کے بعض علاقوں میں برفانی طوفان کے باعث دو فٹ تک برف پڑی جبکہ کئی مقامات پر حدِ نگاہ کم ہو گئی اور سڑکیں برف سے ڈھک گئیں۔ اسی دوران ہوائی کے جزائر میں شدید بارشوں کے باعث گھروں اور سڑکوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔موسمیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی نظام اب مشرقی ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں تیز ہواؤں اور ممکنہ بگولوں کا خطرہ ہے۔ شمالی کیرولائنا سے لے کر میری لینڈ تک کے علاقوں میں تیز جھکڑ متوقع ہیں جبکہ واشنگٹن ڈی سی کے قریب خراب موسم کے باعث ایوانِ نمائندگان کو بھی ووٹنگ مؤخر کرنا پڑی۔فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا۔ فلائٹ ٹریکنگ ادارے کے مطابق شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چار سو سے زائد اور اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر تقریباً تین سو پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ماہرین کے مطابق طوفان کے گزرنے کے بعد مشرقی ساحل پر درجہ حرارت اچانک گرنے کا امکان ہے اور کئی علاقوں میں بارش برفباری میں تبدیل ہو سکتی ہے۔