نیویارک میں 311 سروس کے تیئسویں سال پر میئر کا کال سینٹر کا دورہ
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے شہر کی غیر ہنگامی سرکاری سروس 311 کے تیئسویں یومِ تاسیس کے موقع پر کال سینٹر کا دورہ کیا اور عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے شہریوں کی کالز بھی خود وصول کیں۔
اس موقع پر میئر نے حالیہ برفانی طوفان کے دوران کام کرنے والے عملے کی محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔دورے کے دوران میئر کو ایک کال ایجنٹ کے ساتھ بٹھایا گیا تاکہ وہ شہریوں اور عملے کے درمیان ہونے والی گفتگو کو براہِ راست سن سکیں اور خدمات کے طریقہ کار کو قریب سے سمجھ سکیں۔ اس دوران انہوں نے مختلف شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے۔میئر زوہران ممدانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تئیس برسوں میں لاکھوں شہریوں نے شہر کی خدمات تک رسائی کے لیے اس سروس پر انحصار کیا ہے۔ ان کے مطابق روزانہ تقریباً ایک لاکھ شہری اس نظام کے ذریعے مدد حاصل کرتے ہیں اور عملہ چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرتا ہے۔شہری ٹیکنالوجی کے محکمے کی کمشنر لیزا گیلوبٹر کے مطابق یہ سروس دو ہزار تین میں شروع ہوئی تھی اور اب یہ شہر کے دو سو سے زائد سرکاری اداروں اور تنظیموں سے شہریوں کو جوڑتی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ برس اس سروس پر تین کروڑ پینسٹھ لاکھ سے زائد رابطے موصول ہوئے جبکہ شہریوں کے اطمینان کی شرح ترانوے فیصد ریکارڈ کی گئی۔