vosa.tv
Voice of South Asia!

اے پی پیک کا گورنر نیویارک سے پاکستانی نوجوانوں کیلئے انٹرنشپ اور ملازمت کا مطالبہ

0

امریکن  پاکستانی  پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹراعجاز احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی نے  تعلیم، صحت ، کاروبار اور پبلک سروس سمیت  تمام ہی شعبوں میں  نمایاں  مقام حاصل کیا ہے، اے پی پیک کمیونٹی   کی مقامی سیاست میں شمولیت کے لیے کوشاں رہے گی۔ وہ کمیونٹی افطارڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔

اے پی پیک کے زیر اہتمام نیویارک میں منعقدہ کمیونٹی افطار ڈنر   میں  گورنر کیتھی ہوکل بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں ۔تقریب کا آغاز تلاوتِ  کلامِ پاک اور بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کرکے کیا گیا۔اس موقع پر  معروف عالمِ دین مفتی فرحان  احمد نےقران و سنت کی  روشنی  میں   رمضان  المبارک کی  فضیلت اور اہمیت  بیان کی ،ساتھ ہی ساتھ باہمی اتحاد و اتفاق  قائم رکھنے پر بھی زور دیا۔کمیونٹی  افطار ڈنر میں اے پی پیک کے  چیئر مین  ڈاکٹراعجاز  احمد  نے خطبہِ استقبالیہ دیاجس میں مہمانوں کی آمد کا خیرمقدم کیا اور تنظیم کے قیام کے اغراض  و مقاصد  بیان کیے ۔ انھوں نے  گورنر کی  توجہ  دلاتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستانی نوجوان نسل کو ان کی قابلیت اور تخلیقی صلاحیتوں کی بنیاد پر  ریاستی  محکموں میں انٹرنشپس اور ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں ۔ افطار ڈنر میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی  سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی  سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔شرکا سے  خطاب    کرتے  ہوئے مہمان ِ خصوصی نیویارک  کی گورنر کیتھی  ہوکل اپنے ہر ممکنہ  تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سیاسی میدان  میں  یہ ان کا سولہواں انتخابی مرحلہ  ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ بہت اہم کردار اداکیا،مسلم کمیونٹی  جب جب خود کو غیر محفوظ  محسوس کرے گی  میں ان کے ساتھ  کھڑی ہوں گی۔ کمیونٹی افطار ڈنر کی ہوسٹ کمیٹی میں شامل اے پیک کے  صدر ڈاکٹرپرویز اقبال ،  بورڈممبران  میں شامل  ناہید  بھٹی،  اسد چودھری،  خاور  بیگ اور دیگر رہنماوں   نے بھی گورنر کیتھی ہوکل سے اظہارِ تشکر کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ  مسلم کمیونٹی کی  کئی شخصیات کومذہبی  شناخت کی وجہ   بہت سے سنگین مسائل کا سامنا رہا ہے، امید ہے  انسدادِ اسلامو فوبیا ایکٹ آئندہ ماہ نیویار ک اسٹیٹ اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہوجائے گا۔اس موقع پر اے پی پیک کی ہوسٹ کمیٹی کے ممبران اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  اے پی پیک اپنے مشن پر کامیابی سے گامزن ہے، کوشش رہے گی   کہ اسمبلی   اور سینیٹ اراکین کو کمیونٹی کے مفاد کی پالیسی اورقانون سازی کے لیے قائل کریں۔ قبل ازیں  ڈاکٹر اعجاز احمد نے اپنی ہوسٹ  کمیٹی  اور  مہمانِ خصوصی  گورنر کیتھی  ہوکل سے اظہار تشکر کیا  اور انھیں یقین دلایا  پاکستانی کمیونٹی  ان کی حمایت جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.