vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا میں طوفانی بگولوں کی تباہی، 2 افراد ہلاک

0

امریکی ریاستوں الینوائے اور انڈیانا میں شدید طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ کئی گھر اور عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق شمال مغربی انڈیانا کے علاقے لیک ولیج میں ایک بزرگ میاں بیوی اپنے گھر میں طوفان کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی الینوائے اور شمال مغربی انڈیانا میں طوفان کے باعث کانکاکی شہر میں عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں، کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے کئی سڑکیں بند ہو گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کو تباہ شدہ گھروں سے نکالا گیا جبکہ تقریباً ستر بجلی کے کھمبے گرنے سے ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔الینوائے کے علاقے کانکاکی میں شدید ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی جہاں بعض اولے تین سے پانچ انچ تک بڑے تھے۔ حکام کے مطابق طوفان نے اروما پارک سمیت کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی جبکہ متعدد افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ الینوائے، انڈیانا، کینٹکی اور اوہائیو کے بعض حصے اب بھی طوفانی بگولوں کے خطرے میں ہیں اور خطے میں مزید بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان موجود ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.