نیویارک کے میئر زوہران کوامے ممدانی نے ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے پیش کی گئی ون ہاؤس بجٹ قراردادوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کام کرنے والے طبقے کے شہریوں پر بوجھ ڈال کر بجٹ خسارہ پورا نہیں کیا جا سکتا۔
میئر ممدانی نے کہا کہ اسمبلی اور سینیٹ کی بجٹ تجاویز اس مالی بحران کے حجم کو تسلیم کرتی ہیں جس کا سامنا اس وقت نیویارک سٹی کو ہے۔ انہوں نے اسپیکر کارل ہیستی، سینیٹ لیڈر آندریا اسٹیورٹ کزنز اور دونوں ایوانوں کی ڈیموکریٹک قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں امیر ترین شہریوں سے زیادہ مالی حصہ لینے کی تجویز بھی شامل ہے۔انہوں نے فری بس پائلٹ پروگرام میں توسیع کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جب ہر پانچ میں سے ایک شہری کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ ادا کرنا مشکل ہو تو سستی اور قابلِ رسائی ٹرانزٹ سہولت فراہم کرنا ضروری ہے۔میئر ممدانی نے یونیورسل چائلڈ کیئر کے فروغ میں ریاستی حکومت کے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹی ریاست کی معیشت کا اہم انجن ہے اور شہر کی مالی حالت کو بہتر بنانا ریاست کی مجموعی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ میئر کے مطابق گورنر ہوکل اور ریاستی قانون سازوں کے ساتھ تعاون کے ذریعے بجٹ کے عمل کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔