vosa.tv
Voice of South Asia!

تیل اور گیس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ

0

مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جبکہ توانائی کے بحران کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے، تاہم تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تاحال نہیں رکا۔جنگ کے باعث خلیج فارس میں تیل لے جانے والے جہازوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی ہے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کئی جہاز رک گئے ہیں۔ اس راستے سے روزانہ تقریباً دو کروڑ بیرل تیل عالمی منڈیوں تک پہنچایا جاتا ہے۔صورتحال کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں تیل اور گیس کی اہم تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے بعد بعض بڑے پیداواری ممالک نے پیداوار میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت نوے ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث پیٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کے اثرات دنیا بھر کے صارفین اور کاروبار پر پڑ رہے ہیں۔یورپ اور ایشیا میں توانائی کی قیمتوں میں مزید شدت دیکھی جا رہی ہے کیونکہ یہ خطے مشرقِ وسطیٰ سے آنے والی توانائی کی سپلائی پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔ بعض مقامات پر ڈیزل کی قیمتیں دگنی جبکہ ایشیا میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں تقریباً دو سو فیصد تک اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران میزائل اور ڈرون حملوں کے باعث تیل کی تنصیبات، پائپ لائنز اور جہازوں کو مسلسل خطرات لاحق ہیں جس کے نتیجے میں عالمی منڈی سے روزانہ لاکھوں بیرل تیل کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.