vosa.tv
Voice of South Asia!

ایران جنگ سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک کون سا ہے؟

0

مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران جنگ کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں بڑی ہلچل پیدا ہو گئی ہے اور تجزیہ کاروں کے مطابق اس صورتحال سے سب سے زیادہ فائدہ روس کو پہنچ سکتا ہے۔ 

جنگ کے باعث آبنائے ہرمز عملی طور پر بند ہونے کے بعد خلیجی ممالک سے تیل کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔آبنائے ہرمز عالمی تجارت کی ایک اہم گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے برابر تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ ایرانی افواج کی جانب سے اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے بعد بیشتر شپنگ کمپنیوں نے اس راستے کا استعمال محدود کر دیا ہے جس سے عالمی توانائی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ماہرین کے مطابق اس صورتحال میں چین اور بھارت جیسے بڑے توانائی درآمد کنندگان کو متبادل سپلائی کی تلاش ہے۔ دونوں ممالک اپنی تیل کی بڑی ضروریات خلیجی ممالک سے پوری کرتے ہیں، تاہم موجودہ بحران کے باعث روسی تیل ان کے لیے ایک اہم اور نسبتاً آسان متبادل بن سکتا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی طویل عرصے تک برقرار رہی تو چین اور بھارت روس سے تیل کی خریداری میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ روس پہلے ہی دونوں ممالک کو خام تیل فراہم کرتا رہا ہے اور اس کے پاس بڑی مقدار میں تیل موجود ہے جو عالمی پابندیوں کے باعث مختلف ٹینکروں میں ذخیرہ ہے۔ماہرین کے مطابق اس بحران کے باعث نہ صرف روس کو مالی فائدہ ہو سکتا ہے بلکہ برازیل، امریکہ، آسٹریلیا، ملائیشیا اور ارجنٹینا جیسے تیل پیدا کرنے والے ممالک بھی عالمی منڈی میں بڑھتی قیمتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تاہم چین اور بھارت کو فوری سپلائی فراہم کرنے کی اسٹریٹجک صلاحیت کے باعث روس اس وقت سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک سمجھا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.