vosa.tv
Voice of South Asia!

پاک افغان سرحدی جھڑپیں، ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر

0

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کی سرحد پر جاری جھڑپوں کے باعث ہزاروں خاندان اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق اندازاً افغانستان میں ایک لاکھ پندرہ ہزار افراد جبکہ پاکستان میں تقریباً تین ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں جاری تنازع کے باعث حالات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک میں اندرونی طور پر بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل مکانی دیکھنے میں آ رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی اس وقت بڑھی جب افغانستان نے پاکستانی فضائی حملوں کے جواب میں سرحدی کارروائیاں شروع کیں، جس کے بعد اسلام آباد کی جانب سے بھی مختلف مقامات پر جوابی حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں کابل، بگرام اور قندھار سمیت کئی علاقوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔افغان حکام کے مطابق حالیہ لڑائی میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، تاہم پاکستان نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائیوں کا ہدف صرف عسکریت پسند اور ان کا بنیادی ڈھانچہ ہیں، شہری آبادی نہیں۔سرحدی علاقوں میں رہنے والے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں شدید گولہ باری اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں جس کے باعث خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ دوسری جانب ترکی کے صدر نے پاکستان کے وزیر اعظم سے رابطہ کر کے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کی بحالی میں کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.