vosa.tv
Voice of South Asia!

شکاگو میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں شاہدہ خان کی پرتکلف افطار ڈنر

0

شکاگو: معروف پاکستانی امریکن سماجی کارکن شاہدہ خان اور ان کے شوہر طارق صدیق نے شکاگو میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کے ممتاز افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ افطار ڈنر شکاگو کے معروف ریسٹورنٹ بی بی کیو ٹونائٹ میں منعقد کیا گیا جس میں سو سے زائد مہمان شریک ہوئے۔ تقریب میں زیادہ تر پاکستانی امریکن خاندانوں اور کمیونٹی کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔  تقریب کے دوران پاکستان اور امتِ مسلمہ کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔افطار ڈنر میں کک کاؤنٹی بورڈ کی صدر ٹونی پریکنکل، شکاگو کے میئر کے نمائندے اور دیگر منتخب عوامی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹونی پریکنکل نے دعوت کے انعقاد پر میزبانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکہ کی طاقت اس کی متنوع آبادی اور مختلف ثقافتوں سے آنے والے لوگوں کی شمولیت سے بڑھتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ ایک جمہوری معاشرہ ہے جہاں ہر مذہب اور پس منظر کے لوگوں کو قبول کیا جانا چاہیے۔مہمانوں کے لیے روایتی پاکستانی کھانوں میں بھنا ہوا بکرہ، چکن تکہ، باربی کیو چکن بوٹی کباب، بکرے کی چانپ، بریانی، قورمہ اور دیگر لذیذ پکوان پیش کیے گئے۔شاہدہ خان شکاگو اور اس کے نواحی علاقوں میں سماجی خدمات کے حوالے سے ایک معروف نام ہیں اور وہ مختلف فلاحی اداروں کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت کر رہی ہیں۔ وہ سوزی فاؤنڈیشن سمیت کئی خیراتی سرگرمیوں کی سرپرستی بھی کرتی ہیں جو گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی مدد کے لیے کام کرتی ہے۔تقریب کے شرکاء نے اس افطار ڈنر کو کمیونٹی کے درمیان اتحاد اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کی ایک اہم کاوش قرار دیا۔ اختتام پر شاہدہ خان اور ان کے شوہر طارق صدیق نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور رمضان المبارک کی برکتوں کو باہم بانٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.