vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: 10 پارکس کی بحالی کیلئے 50 ملین ڈالر مختص

0

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی اور شہر کی پارکس کمشنر ٹریشیا شیما مورا نے اعلان کیا ہے کہ 10 پارکس کی ازسرِ نو تعمیر اور بہتری کے لیے پچاس ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

یہ سرمایہ کاری مالی سال دو ہزار ستائیس کے تحت کمیونٹی پارکس انیشی ایٹو کے ذریعے کی جا رہی ہے، جس کا مقصد اُن علاقوں کے پارکس کو بہتر بنانا ہے جو ماضی میں نظر انداز ہوتے رہے ہیں۔شہری انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے سے شہر کے پانچوں بورو میں واقع پارکس کی حالت بہتر ہوگی اور ایک لاکھ سولہ ہزار پانچ سو سے زائد شہریوں کو محفوظ اور بہتر عوامی تفریحی مقامات تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس اعلان کے ساتھ ہی سٹی یونیورسٹی آف نیویارک کی نئی تحقیق بھی جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بہتر پارکس شہریوں کی ذہنی صحت اور سماجی زندگی پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔میئر  ممدانی نے کہا کہ بہت سے شہریوں کے لیے پارک دراصل اُن کے گھروں کی طرح ہوتے ہیں جہاں وہ کھیل کود کرتے، اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارتے اور تفریح حاصل کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب شہر پارکس میں سرمایہ کاری کرتا ہے تو اس سے نہ صرف شہریوں کی زندگی بہتر ہوتی ہے بلکہ شہر زیادہ صاف، صحت مند اور قابلِ رسائی بنتا ہے۔اعلان کردہ پارکس میں برونکس کا موٹ پلے گراؤنڈ، فاؤنٹین آف یوتھ پلے گراؤنڈ اور مورس میسا پلے گراؤنڈ، بروکلین کا وان ڈائیک پلے گراؤنڈ، روبلنگ پلے گراؤنڈ اور الزبتھ اسٹراؤڈ پلے گراؤنڈ، مین ہیٹن کا ولادیِک پارک اور سینٹ نکولس پارک کا ایک سو تینتیسویں اسٹریٹ پلے گراؤنڈ، کوئنز کا کورونا ہیلتھ سینکچری اور اسٹیٹن آئی لینڈ کا کالٹن مائر پلے گراؤنڈ شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.