ایران کے خلاف جنگ کے ابتدائی سو گھنٹوں کے دوران امریکا کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے
امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے پہلے چند دنوں میں ہی فوجی کارروائیوں، اسلحے اور دفاعی نظام پر بھاری اخراجات آئے ہیں جو امریکی معیشت کے لیے بڑا بوجھ بن سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایران پر حملوں کے ابتدائی سو گھنٹوں میں امریکا نے تقریباً تین اعشاریہ سات ارب ڈالر خرچ کیے۔ ماہرین کے مطابق جنگ کے دوران جدید ہتھیاروں اور فضائی کارروائیوں کی وجہ سے ابتدائی اخراجات زیادہ ہوتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس جنگ پر امریکا کے یومیہ اوسطاً آٹھ سو اکانوے اعشاریہ چار ملین ڈالر خرچ ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر جنگ طویل عرصے تک جاری رہی تو امریکی محکمہ دفاع کو اضافی فنڈز درکار ہوں گے کیونکہ موجودہ بجٹ میں اس جنگ کے مکمل اخراجات شامل نہیں ہیں۔ادھر عالمی ادارۂ صحت نے ایران اور لبنان میں صحت کے مراکز پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کے مطابق جنگ کے دوران ایران میں تیرہ جب کہ لبنان میں ایک طبی مرکز متاثر ہوا ہے اور کئی ایمبولینسوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ صحت کے مراکز کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس تنازع کے باعث بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور جانی نقصان کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔