مشی گن کے ساگینا ٹاؤن شپ میں قائم ایکزوٹک پالتو جانوروں کی دکان کے خلاف وفاقی عدالت نے عارضی حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔ کمپنی پر اینیمل ویلفیئر ایکٹ کی خلاف ورزی اور حکام کو معائنہ کرنے سے روکنے کا الزام ہے۔
عدالتی حکم کے تحت آئندہ چودہ دن تک کمپنی اینیمل ویلفیئر ایکٹ کے تحت ریگولیٹڈ کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکے گی۔ اسے محکمہ زراعت کے اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ انسپیکشن سروس کے اہلکاروں کو کاروباری اوقات میں بلا اطلاع معائنہ کرنے، ریکارڈ دیکھنے اور جانوروں کا جائزہ لینے کی مکمل اجازت دینا ہوگی۔ ساتھ ہی جانوروں کی مکمل فہرست، گزشتہ ایک سال کا ویٹرنری ریکارڈ اور خرید و فروخت کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔محکمہ انصاف کے مطابق کمپنی نے ستمبر دو ہزار چوبیس سے جنوری دو ہزار چھبیس کے دوران گیارہ مواقع پر معائنہ کاروں کو رسائی دینے سے انکار کیا، جس پر متعدد خلاف ورزیاں درج کی گئیں۔ شکایت میں بیمار جانوروں کو مناسب طبی سہولت نہ دینے، غلط ریکارڈ رکھنے اور بغیر نگرانی خطرناک جانوروں تک عوامی رسائی جیسے الزامات شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ عارضی حکم امتناع کا مقصد جانوروں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ مقامی اینیمل کنٹرول حکام بھی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور فلاحی معائنہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ وفاقی تحقیقات جاری ہیں۔