ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ممکنہ ردعمل کے خدشات کے پیش نظر نیویارک پولیس نے شہر بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق حکام نے بتایا کہ سفارتی دفاتر، مذہبی مقامات، ثقافتی اداروں اور اہم عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے اسرائیلی قونصل خانے، ٹائمز اسکوائر اور دیگر مصروف علاقوں میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر نے انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے اور ضرورت پڑنے پر اضافی وسائل استعمال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔حکام کو خدشہ ہے کہ ایران اپنے اتحادی گروپوں، خفیہ نیٹ ورکس یا سائبر حملوں کے ذریعے ردعمل دے سکتا ہے۔ اسی تناظر میں ڈاؤن ٹاؤن بروکلین کی وفاقی عدالت سمیت حساس مقامات پر بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جہاں حال ہی میں ایک مقدمے کی سماعت شروع ہوئی ہے۔انسداد دہشت گردی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو سیکیورٹی میں اضافے کا احساس ہوگا، تاہم پس منظر میں وفاقی، ریاستی اور مقامی اداروں کے درمیان وسیع رابطہ کاری جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔ حکام کے مطابق فی الحال کوئی مصدقہ خطرہ موجود نہیں، تاہم شہریوں کو ہجوم والی جگہوں پر مشکوک سرگرمی یا لاوارث سامان کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔