نیویارک میں دی حلال گائیڈ کا تاریخی سحور اور مسلم لائٹس فیسٹیول اختتام پذیر
نیویارک میں دی حلال گائیڈ کا تاریخی سحور اور مسلم لائٹس فیسٹیول کم وبیش تیس ہزار افرادکی تاریخی شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔فیسٹول میں ایک غیرمسلم نے اسلام بھی قبول کرلیا۔
نیویارک میں بیلو فارمز اور نا ز حلا ل فوڈ کے اشتراک سے ناساو کمیونٹی کالج میں منعقدہ دی حلال گائیڈ سحور اینڈ مسلم لائٹس فیسٹول میں سخت سردی کے باوجود نہ صرف پاکستانی بلکہ بنگلہ دیشی،انڈین،عربی اور ترکش کمیونٹی سمیت تمام ہی ممالک کے مسلمان کھنچے چلے آئے جس سے فیسٹول کی رونق کو چار چاند لگ گئے۔ہزاروں کی تعداد میں نوجوان ، مرد و خواتین اوربچوں نے اپنی اپنی فیملی کے ساتھ سحری کا لطف اٹھایا۔حلال گائیڈ کے شریک بانی رضا دستگیر اور حماد شیخ کا کہنا تھا کہ ہر سال اس فیسٹو ل میں شرکاء کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہم یہی چاہتے ہیں کہ مسلم کمیونٹی کو بھرپور نمائندگی نظر آئے اور اسمال بزنس کو بھی سپورٹ حاصل ہو۔فیسٹول میں گرم کپڑے،دیدہ زیب مشرقی ملبوسات،جیولری، جوتے، کھسے ،مختلف خوشبو سے مہکتے عطر کے اسٹالز ،آرائشی اشیاءسب کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔نیویارک میں متعین پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف نمائندہ تنظیموں کے افراد بھی شریک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد اور تاریخی فیسٹول ہے، شاید ہی امریکا کے کسی اور شہر میں ایسا مناظر دیکھنے کو ملتے ہوں ۔سحور فیسٹول میں کھانے پینے کی مختلف اشیاء کے فو ڈ کارٹس جہاں من پسند لذیذ پکوان سمیت چائے اور کافی نے ایونٹ کی رونق کو دوبالا کردیا۔ فضاء میں بار بی کیو کی خوشبو مہکی تو سب کا دل للچایااور چٹ پٹے مصالحہ دار کھانوں کے شوقین افرادکا ہجوم اُمڈ آیا۔اس موقع پر ناساو کاونٹی ایگزیکٹیو کے سینئر ایڈ وائزر چودھری اکرم کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے ایونٹ کو اس قدر منظم انداز میں منعقد کرنا آسان نہیں، شاید ہی ایسی کوئی دوسری مثال ہو۔سحور فیسٹول میں مسلم لائٹس فیسٹول بھی سجایا گیا جہاں برقی قمقموں سے جگمگاتے اسماءِ حسنی ٰ کے خوبصورت مناظر،تہذیب و ثقافتی ورثے ، مقدس مقامات کی سجی ہوئی شبیہات اور مختلف مسلم ممالک کی عکاسی کرتی روشنیوں نے ماحول کو سحر انگیز بنادیا۔۔ اس موقع پر فیسٹول میں شریک غیر مسلم نوجوان ایلکس نے اسلام قبول کیا تو فضائیں نعرہ تکبیر سے گونج اُٹھیں ۔ شرکاء نے حلال گائیڈ کےاس فیسٹول کو تاریخی اور کامیاب ترین قرار دیا۔آخر میں فیسٹول کے اسپانسرز کی طرف سے قرعہ اندازی کے ذریعے شرکاء کو انعامات بھی دیے گئے ۔نمازِ عشاء اور تراویح کے بعد شروع ہوئے فیسٹول کی رونق سحر تک برقرار رہی اور نمازِ فجر کے ساتھ یہ اپنے اختتام کو پہنچا۔