نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شعبہ جات میں تعینات افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی۔ ترقی پانے والوں میں ساوتھ ایشئن افسران بھی شامل ہیں ۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دینے کی تقریب کا آغاز امریکی قومی ترانے سے ہوا۔ اس موقع پر پولیس کے دستوں نے مارچ کیا اور سلامی دی ۔ تقریب میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹش سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شامل تھے ۔حاضرین سے خطاب میں جیسیکا ٹش نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریاں پہلے سے بہتر طورپر انجام دیں گے۔پولیس ڈیپارٹمنٹ تعینات ساوتھ ایشئن کمیونٹی کے افسران کی بھی بڑی تعداد نے اگلے عہدوں پر ترقی حاصل کی۔ان میں پاکستانی نژاد صغیر احمد اورمحمد شان کو سارجنٹ جبکہ جواد جاوید اور ارسلان سلیمان کو لوٹیننٹ کے عہدوں پر ترقی دی گئی ۔ترقی پانے والے افسران نے اپنی کامیابی کو والدین اور کمیونٹی کے نام کیا۔تقریب میں ترقی پانے والے افسران سے حلف لیا گیا۔اس موقع پر پولیس افسران کے اہل خانہ بھی شریک تھے جن کی موجودگی سے ان کی خوشی دگنی ہوگئی۔ اس موقع پربھارتی نژاد محسن جاوید کولوٹیننٹ، سمرت ساندھو کو سارجنٹ اوربنگلہ دیشی نژاد علی حسین کو بھی سارجنٹ کے عہدے پر فائز کیا گیا۔تقریب میں شریک نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تعینات پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹرعدیل رانا نے اپنے ساتھی افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی ملنے پر مبارکباد دی اور انھیں نئے رینک لگائے ۔