vosa.tv
Voice of South Asia!

56 ملین ڈالر کا ٹیلی میڈیسن فراڈ کیس، کمپنی مالک کو 7 سال قید کی سزا

0

امریکا میں دو ٹیلی میڈیسن کمپنیوں کے مالک کو 56 ملین ڈالر میڈیکیئر فراڈ کے بڑے کیس میں سات سال قید اور 27.9 ملین ڈالر واپس کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم نے غیر ضروری طبی آلات کے جعلی بل جمع کرا کے قومی صحت پروگرام کو بھاری نقصان پہنچایا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق ستاون سالہ رینالڈو ولسن نے دو ہزار سترہ سے دو ہزار انیس کے دوران اپنی کمپنیوں کے ذریعے طبی فراہم کنندگان کو غیر قانونی کمیشن دے کر میڈیکیئر مریضوں کے لیے آرتھوپیڈک بریسز کے جعلی آرڈر حاصل کیے، حالانکہ مریضوں کو ان آلات کی ضرورت نہیں تھی۔ بعد ازاں یہ آرڈرز مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے فروخت کیے جاتے اور میڈیکیئر کو ادائیگی کے لیے بھیج دیے جاتے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس اسکیم کے تحت تین ہزار سے زائد افراد کے نام پر چار یا اس سے زیادہ بریسز کے آرڈرز جاری کیے گئے جبکہ بعض مریضوں کے نام پر دس یا اس سے زیادہ آلات منظور کرائے گئے۔ ملزم نے فراڈ چھپانے کے لیے ایک نئی کمپنی بھی قائم کی اور ایک خاتون کو سرمایہ کاری کے نام پر استعمال کیا۔حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت چھپن ملین ڈالر سے زائد کے جعلی کلیمز جمع کرائے گئے، جن میں سے میڈیکیئر نے 27.9 ملین ڈالر ادا کیے۔ وفاقی تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ عوامی فنڈز کے غلط استعمال اور صحت کے پروگراموں میں بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.