ڈیو پیج کاؤنٹی ڈیموکریٹک پارٹی کا سالانہ گالا منعقد
شکاگو: ڈو پیج کاؤنٹی ڈیموکریٹک پارٹی کے سالانہ گالا کا انعقاد اوک بروک ٹیرس کے ڈری لین تھیٹر میں کیا گیا، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
یہ تقریب دو ہزار چھبیس کے وسط مدتی انتخابات کے لیے فنڈ ریزنگ اور سیاسی حمایت کے حصول کا اہم موقع تھی۔ مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد، منتخب نمائندوں، سماجی رہنماؤں اور مسلم امیدواروں نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی۔تقریب کا مقصد جمہوری اقدار کے فروغ، سماجی انصاف اور کمیونٹی اتحاد کو مضبوط بنانا تھا۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے بین المذاہب دعائیں کیں اور انسانی وقار، رواداری اور باہمی احترام پر زور دیا۔ مسلم دعا ڈاکٹر سبیل احمد نے کرائی۔ مقررین نے غزہ کی صورتحال، امیگریشن پالیسیوں اور عالمی و قومی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔مسلم امیدوار صبا حیدر کی پرجوش تقریر تقریب کا نمایاں حصہ رہی، جس میں انہوں نے امیگریشن سے متعلق سخت پالیسیوں، بالخصوص صدر ٹرمپ کی پالیسیوں اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خلاف آواز اٹھائی۔ ان کی تقریر کو شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف ڈیموکریٹک رہنماؤں نے کمیونٹی تنظیم، نوجوان قیادت، اور جمہوری عمل میں عوامی شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔ گالا کے دوران اسپانسرز، رضاکاروں اور پارٹی کارکنوں کی خدمات کو بھی سراہا گیا جبکہ بندوق کے تشدد کی روک تھام اور سماجی تحفظ سے متعلق قانون سازی کی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کا اختتام اتحاد، انصاف اور کمیونٹی کی خدمت کے عزم کے اعادہ کے ساتھ ہوا۔