ٹیکساس کی وفاقی عدالت نے آرٹھوپیڈک سرجن ڈاکٹر مائیکل تابا کو امریکی لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے لیے جعلی نسخے تیار کرنے کے ایک سو پینتالیس ملین ڈالر کے ہیلتھ کیئر فراڈ میں ساڑھے آٹھ سال قید کی سزا سنادی جبکہ تیرہ ملین ڈالرز کی رقم واپس کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔
عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق تابا نے اس فراڈ منصوبے کے دوران فارمیسی مالکان سے رشوتیں اور کمیشن وصول کیے جبکہ شریک ملزمان کے زیر انتظام فورٹ ورتھ اور آرلنگٹن میں تین فارمیسیاں چل رہی تھیں ۔ منصوبے کے دوران، فارمیسی مالکان نے تابا اور دیگر ڈاکٹروں کو لاکھوں ڈالرز کی غیر قانونی رشوتیں ادا کیں۔تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ فارمیسی میں ہی غیر تربیت یافتہ نوجوانوں نے کریم تیار کیں جو ڈاکٹر تابا کے شریک ملزمان کو 15 ڈالر فی نسخہ کے حساب سے فروخت کی گئیں لیکن لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہر نسخہ کے عوض سولہ ہزار ڈالر بل بھیجا گیا۔ مریضوں نے عدالت میں بیان دیا کہ یہ کریمز مؤثر نہیں تھیں اور بعض کیسز میں جلد پر خارش اور درد ہوا۔منصوبے کے دوران، مئی دو ہزار چودہ سے مارچ دو ہزار سترہ تک فارمیسیوں نے محکمہ محنت اور بلیو کراس بلیو شیلڈ کو 145 ملین ڈالرز سے زائد کے جعلی نسخوں کا بل بھیجا، اور نوے ملین ڈالرز سے زائد کی رقم وصول کیں۔چھبیس نومبر 2023 میں شمالی ٹیکساس کی وفاقی عدالت نے تابا کو تمام الزامات میں مجرم قرار دیا، جن میں ایک سازش کا الزام اور تین میڈیکیئر فراڈ کے الزامات شامل تھے۔