vosa.tv
Voice of South Asia!

زوہران ممدانی اور ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات

0

نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں شہر میں رہائشی منصوبوں اور وفاقی سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میئر آفس کے مطابق اس ملاقات کا مقصد ایک ایسے منصوبے پر بات کرنا تھا جو گزشتہ پچاس سال میں رہائش کے شعبے میں سب سے بڑی وفاقی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتا ہے۔حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت بارہ ہزار نئے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ میئر کی ٹیم نے بتایا کہ صدر نے اس تجویز میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور منصوبے کو مثبت انداز میں سراہا۔ ملاقات کے بعد میئر ممدانی نے بیان دیا کہ بات چیت تعمیری رہی اور وہ نیویارک میں مزید رہائش کی فراہمی کے لیے پُرامید ہیں۔ملاقات کے دوران ایک اور اہم معاملہ کولمبیا یونیورسٹی کی زیر حراست طالبہ اور دیگر طلبہ کی رہائی کا بھی اٹھایا گیا۔ ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس سے روانگی کے کچھ دیر بعد صدر ٹرمپ نے میئر کو فون کر کے آگاہ کیا کہ زیر حراست طالبہ کو جلد رہا کر دیا جائے گا۔یہ ملاقات صدر، میئر اور دونوں کے چیف آف اسٹاف کی موجودگی میں ہوئی۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں نیویارک میں تعمیراتی عمل کو آسان بنانے اور شہری ترقی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جا چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.