لندن یونیورسٹی کا آن لائن ہیومن رائٹس پروگرام متعارف
لندن یونیورسٹی نے انسانی حقوق کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے دو ہزار چھبیس سے آن لائن ماسٹر پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اسکالرشپ اور مالی معاونت کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
یہ پروگرام مکمل طور پر آن لائن ہوگا، جس کے ذریعے دنیا بھر کے طلبہ اپنی ملازمت یا دیگر مصروفیات کے ساتھ تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔یہ ڈگری عملی نوعیت پر مبنی ہے جس میں عالمی انسانی حقوق کے مسائل، قانونی اور پالیسی فریم ورک، تحقیق، وکالت اور اسٹریٹجک مہارتوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پروگرام کے شرکاء کو بین الاقوامی ماہرین اور تجربہ کار پیشہ ور افراد سے سیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ آن لائن لرننگ پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف ممالک کے طلبہ کے ساتھ رابطہ اور تجربات کا تبادلہ بھی ممکن ہوگا۔اس پروگرام کے تحت ماسٹر، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور پوسٹ گریجویٹ سرٹیفکیٹ کے آپشنز دستیاب ہوں گے۔ تعلیم کا دورانیہ کم از کم دو سال اور زیادہ سے زیادہ پانچ سال رکھا گیا ہے، جبکہ داخلے ستمبر دو ہزار چھبیس اور فروری دو ہزار ستائیس میں ہوں گے۔ داخلے کے لیے متعلقہ بیچلر ڈگری یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت درکار ہوگی۔جامعہ حکام کے مطابق یہ ڈگری عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور اس کے فارغ التحصیل افراد بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں، حکومتی اداروں، پالیسی سازی، تحقیق اور انسانی حقوق کی مہم سے وابستہ اداروں میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔ ستمبر دو ہزار چھبیس کے سیشن کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ پانچ اگست دو ہزار چھبیس مقرر کی گئی ہے۔