نیو یارک کے میئر زوہرن کوامے ممدانی نے ایرن ڈالٹن کو نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف سوشل سروسز (DSS) کا نیا کمشنر مقرر کر دیا ہے۔
میئر ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے شہری ایسے رہنماؤں کے مستحق ہیں جو فوری طور پر مسائل سنیں اور عملی اقدامات کریں۔ ان کے مطابق ایرن ڈالٹن نے دہائیوں تک یہ ثابت کیا ہے کہ حکومت کم آمدنی والے اور ضرورت مند افراد کے لیے بہتر طریقے سے کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالٹن نے رہائش تک رسائی بڑھانے، سماجی خدمات کو مضبوط بنانے اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ایرن ڈالٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ نیویارک کے عوام کی خدمت کا موقع ملنے پر شکر گزار ہیں اور میئر کے سستے رہائش اور کمیونٹی سیفٹی ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایس ایس ایسے خاندانوں کی مدد کر سکتا ہے جو خوراک، علاج، رہائش اور بچوں کی دیکھ بھال جیسے بنیادی اخراجات کے درمیان مشکل فیصلے کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، اور خدمات کو زیادہ باوقار اور مؤثر بنانے پر کام کیا جائے گا۔ایرن ڈالٹن اس سے قبل الیگھینی کاؤنٹی ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن سروسز کی ڈائریکٹر رہ چکی ہیں، جہاں ان کی قیادت میں بحران سے نمٹنے اور بے گھر افراد کی مدد کے نظام میں نمایاں بہتری آئی۔ ان کے دور میں موسم سرما کے مربوط شیلٹر نیٹ ورک کے ذریعے سڑکوں پر رہنے والے افراد کی تعداد میں تقریباً 98 فیصد کمی آئی، جبکہ پرتشدد جرائم میں تقریباً 20 فیصد اور قید کی شرح میں تقریباً 10فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔