امریکی ریاست نیو جرسی میں شدید برفانی طوفان کے باعث معمولاتِ زندگی مفلوج ہو گئے ہیں۔طوفان کے پیشِ نظر کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی، بڑی شاہراہوں پر رفتار کی حد میں کمی اور پبلک ٹرانسپورٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔ ریاستی دفاتر بھی بند رکھے گئے ہیں۔
نیو جرسی میں حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے، ضروری اشیاء کا انتظام کرنے اور بزرگ و کمزور افراد کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ گورنر مکی شیرل نے پوری ریاست میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے سڑکوں پر غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کر دی، جو دوپہر تک برقرار رکھی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے تمام اکیس اضلاع میں کئی دہائیوں بعد پہلی بار بیک وقت برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ پیر کی صبح تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی تھی جبکہ تیز ہوائیں صورتحال کو مزید خطرناک بنا رہی تھیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ طوفان انیس سو چھیانوے کے بعد کا سب سے شدید طوفان ثابت ہو سکتا ہے۔ایمرجنسی حکام کے مطابق بھاری اور گیلی برف کے ساتھ تیز ہوائیں درخت گرنے، حدِ نگاہ کم ہونے، سڑکوں پر برف کے ڈھیر لگنے اور بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کا سبب بن سکتی ہیں۔ ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کے لیے مختلف ریاستوں سے امدادی عملہ اور یوٹیلیٹی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔